Wednesday, June 03, 2015

ایک پھول کے لئے پودا کبھی جڑ سمیت نہیں کھینچا جاتا

اکثر اوقات ہم لوگ اپنے رشتے داروں یا بہن بھائیوں کے اتنے نزدیک نہیں ہوتے جتنے ہم اپنے دوستوں کے نزدیک ہوتے ہیں۔ ہم اپنے دوستوں سے ہر بات شئیر کرتے ہیں حتٰی کے انتہائی سیکرٹ چیزیں بھی شئیر کر لیتے ہیں۔ ایسا کیوں ہے کہ جو بات ہم اپنے دوستوں سے شئیر کرتے ہیں اپنے ماں باپ سے نہیں شئیر کر سکتے؟ کیا جنریشن گیپ سچ میں حقیقت ہے؟ کیا واقعی میں ہم اپنی نسلوں کے درمیان فاصلہ بڑھا رہے ہیں؟

ہم سب جانتے ہیں بینک اکاؤنٹ کیا ہوتے ہیں۔ کیسے کھلوائے جاتے ہیں اور ان میں پیسے کیسے جمع کروائے جاتے ہیں اور کیسے نکلوائے جاتے ہیں۔ اگر میں نے اپنے اکاؤنٹ میں کافی پیسے جمع کروا کر رکھے ہیں تو مجھے کسی قسم کا خوف نہیں ہو گا میں جانتا ہوں گا کہ میں اپنی کسی بھی غلطی کا مداوا کرنے کے قابل ہوں۔ اور اگر میرے اکاؤنٹ میں رقم نہ ہونے کے برابر ہے یا میں قرضے پر چل رہا ہوں تو مجھے بےحد سوچ سمجھ کر چلنا ہو گا۔ کیونکہ ایسی صورت میں میرے پاس کسی قسم کی غلطی یا لچک کی گنجائش نہیں رہ جاتی۔

انسان بھی اسی قسم کے لین دین پر چل رہے ہیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ یہ اکاؤنٹ ایموشنل اکاؤنٹ کہلاتا ہے۔ اگر میں وعدوں کی پاسداری، صداقت، ایمانداری، خوش اخلاقی اور خوش دلی جمع کرواتا رہوں تو کچھ ہی عرصے میں میرے ایموشنل اکاؤنٹ میں کافی سرمایہ جمع ہو جائے گا۔ لوگوں کا میرے اوپر اعتماد بڑھ جائے گا۔ میں اس اعتماد کا فائدہ بھی اٹھا سکوں گا۔ میں کئی قسم کے تجربات یا غلطیاں کر سکوں گا۔ مگر میرے پر جو آپکا اعتماد ہو گا وہ میری غلطیوں کا مداوا کرے گا۔

لیکن اگر میں آپ سے بدتمیزی کروں۔ بد اخلاقی سے پیش آؤ۔ غیر ضروری طور پر غصہ دکھاؤں۔ آپ کو نظر انداز کرو۔ آپ کو ڈراؤں دھمکاؤں۔ تو پھر یقینی طور پر میرے ایموشنل اکاؤنٹ میں اعتماد کا لیول بہت کم ہو جائے گا اور میں قرض پر چل رہا ہوں گا اور یقیننا میرے پاس غلطی کرنے یا لچک کی گنجائش بالکل نیہں رہ جائے گی۔ مجھے اپنی کہی ہوئی ہر بات کے بارے میں بہت محتاط رہنا پڑے گا۔ میں ہر وقت ذہنی دباؤ کا شکار رہوں گا۔

اگر اعتماد کا ایک خاص لیول اپنے اکاؤنٹ میں نہ جمع رکھا جائے تو پھر گھر تباہ ہو جاتے ہیں۔ بغیر جانے ہی ایسی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے جس میں ہر فریق اپنے اپنے اسٹائل کے مطابق زندگی گزار رہے ہوتے ہیں۔ اور ایک دوسرے کو برائے نام عزت دیتے ہیں۔ تعلقات خراب ہو کر لڑائی جھگڑے تک پہنچ جاتے ہیں۔ بدزبانی کی جاتی ہے دروازے بند کئے جاتے ہیں۔ جذباتی لا تعلقی پیدا ہو جاتی ہے اور آخر میں خود پر رحم کھایا جاتا ہے۔

بعض اوقات آپ کا کوئی بھی رشتہ دار کوئی اہم فیصلہ کم عمری کے باعث غلط کرنے جا رہا ہوتا ہے مگر چونکہ اعتماد کا لیول تباہ ہو چکا ہوتا ہے۔ بات چیت بند ہو چکی ہوتی ہے تو ہو سکتا ہے کہ اس فیصلہ کا نتیجہ بے حد بھیانک نکلے۔

اس قسم کی بے حد نازک صورتحال کے لئے ضروری ہے کہ آپ کے اکاؤنٹ میں ایموشنل رقم موجود ہو۔

آپ کسی بھی انسان کے اکاؤنٹ میں جو سب سے اہم چیز جمع کروا سکتے ہیں وہ یہ ہے کہ آپ اسے غور سے سنیں۔ بغیر اپنی رائے دیے بغیر کسی قسم کی نصیحت کئیے۔ اور بغیر اپنی مثال دئیے۔ ٓصرف اور صرف اسے توجہ سے سنیں اور اسکو احساس دلائیں کہ آپ اسکو ایک مکمل انسان سمجھتے ہیں اسکے خیالات کو اسی طرح اہمیت دیتے ہیں اور انکی قدر کرتے ہیں۔ اور سب سے بڑی بات اس کے بارے میں فکر مند ہیں۔

یاد رکھئیے
ایک پھول کے لئے پودا کبھی جڑ سمیت نہیں کھینچا جاتا

No comments:

Post a Comment